اسلام آباد (آن لائن) بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں حالیہ دہشتگرد حملے کے بعد تحقیقات کے حوالے سے بھارتی حکام کی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ معروف بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی سکیورٹی ادارے بار بار دعوے تو کر رہے ہیں، مگر ان کی جانب سے کوئی ٹھوس، قابلِ تصدیق ثبوت عالمی برادری یا میڈیا کے سامنے پیش نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق بھارتی تحقیقاتی اداروں نے حملے میں ملوث ہونے کے الزامات کے تحت 15 کشمیریوں کو گراؤنڈ ورکرز قرار دے کر گرفتار کر لیا ہے۔ ان افراد پر دہشتگردوں کو پناہ دینے، اسلحہ فراہم کرنے اور فرار میں مدد دینے جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ان میں سے ایک نوجوان مظفرآباد اور کراچی گیا تاکہ مبینہ طور پر حملہ آوروں کی تربیت اور معاونت کی جا سکے۔مگر ان تمام دعوئوں کے باوجود بھارتی حکام اب تک کوئی ایسا ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں جو ان الزامات کی غیر جانبدارانہ تصدیق کر سکے۔