منی پور میں معذور مسلم نوجوان کااغواء کے بعد بہیمانہ قتل

24 سالہ محمد چیسام عبدالقادر 11 جون کو اچانک لاپتا ہو گیا تھا،لاش دفن شدہ حالت میں ملی 
نئی دہلی (آن لائن) بھارت کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں ایک اور المناک واقعہ نے اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے خلاف بڑھتے ہوئے ظلم و ستم کو بے نقاب کر دیا۔ مسلح ہندو قوم پرست ملیشیا کے مبینہ کمانڈر نے ایک معذور مسلم نوجوان کو اغوا کر کے قتل کر دیا، جس کی لاش کئی دنوں بعد دفن شدہ حالت میں ملی۔ یہ واقعہ بھارت میں بڑھتی ہوئی مذہبی انتہاپسندی، اقلیت دشمنی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مجرمانہ خاموشی کا واضح مظہر ہے۔بھارتی  اخبار  ٹائمز آف انڈیا  کے مطابق  24 سالہ محمد چیسام عبدالقادر 11 جون کو اچانک لاپتہ ہو گیا تھا۔ مسلسل چھ روز کی تلاش کے بعد  اس کی لاش 17 جون کو دفن شدہ حالت میں برآمد ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق، قتل میں مبینہ طور پر میتی قوم پرست گروہ کے کمانڈر لانگجام کھبا سنگھ بوئی ملوث ہے، جس پر پہلے بھی نسلی اور مذہبی بنیادوں پر تشدد کے الزامات عائد ہو چکے ہیں۔پولیس نے واقعے کے بعد صرف نمائشی کارروائی کرتے ہوئے 10 افراد کو گرفتار کیا ہے، جن میں آرمبائی ٹینگول تنظیم کے کارکنان اور چند عام شہری شامل ہیں۔ اصل مجرم اب بھی آزاد گھوم رہے ہیں۔