اسلام آباد (آئی این پی)وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے لوگ اپنے عمل یا غیرجمہوری رویوں کی وجہ سے مائنس ہوتے ہیں۔اپوزیشن ممبران سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ نے کہا سیاسی معاملات میں نہ بیٹھنے کی صورت بھی اپوزیشن کی طرف سے ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت تمام معاملات پر بات چیت کرنے کیلیے تیار ہے، وزیراعظم نے فلور آف دی ہاوس اپوزیشن کو ایک کھلی آفر کی تھی۔مشیر سیاسی امور نے مزید کہاکہ وزیراعظم نے بات چیت اور مذاکرات کے لیے اپوزیشن کو کہا تھا، وزیراعظم نے اپوزیشن کو کہا کہ میرے ساتھ نہیں بیٹھنا تو اسپیکر چیمبر میں آئیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن اسپیکر چیمبر میں آئے، میں ساتھیوں کے ساتھ وہاں آجائوں گا، جمہوریت بات چیت سے چلتی ہے، شہباز شریف نے کہا ہم مذاکرات کرنا چاہتے ہیں۔ سیاسی درجہ حرارت میز پر بیٹھ کر بات چیت کرنے سے ہی کم ہوگا، مذاکرات کی میز پر سیاسی جماعتیں اگر نہیں بیٹھ رہیں تو اس کی وجہ بانی پی ٹی آئی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی سیاست دانوں کے ساتھ بیٹھ کر بات کریں تو سیاسی معاملات حل ہوسکتے ہیں، وہی موقف اپنائیں کہ کسی کو نہیں چھوڑوں گا تو پھر معاملات حل کی طرف نہیں بڑھتے۔