صدر آصف علی زرداری کی 70ویں سالگرہ، لاہور میں پروقار تقریب، 70 پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا گیا

صدر آصف علی زرداری کی 70ویں سالگرہ، لاہور میں پروقار تقریب، 70 پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا گیا

صدر مملکت آصف علی زرداری کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں 70 پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا گیا۔ ملک بھر سے سیاسی و سماجی شخصیات نے صدر زرداری کو مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

تقریب میں شرکت کے لیے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ سیاسی قائدین نے ان کی جمہوری جدوجہد اور سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آصف علی زرداری کی جمہوریت کے لیے دی گئی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے آئین کی بالادستی اور مفاہمت پر مبنی سیاست کو فروغ دیا اور ان کی سیاسی بصیرت ملک کا قیمتی اثاثہ ہے۔وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے آصف زرداری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ مثبت اور مفاہمتی سیاست کے علمبردار رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے 18ویں آئینی ترمیم کے ذریعے صوبوں کو خودمختاری دی، خیبرپختونخوا کو شناخت دی، خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام متعارف کرایا، اور سی پیک جیسے تاریخی منصوبوں کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری کے دور میں سیاسی قیدیوں کا خاتمہ ہوا، اور انہوں نے بی بی شہید کی شہادت کے بعد "پاکستان کھپے" کا نعرہ لگا کر ملک کو انتشار سے بچایا۔ 11 سال قید کاٹنے کے باوجود انہوں نے کبھی انتقامی سیاست نہیں کی۔شرجیل میمن نے کہا کہ آج پاکستان کو ایسی ہی مدبر اور بردبار قیادت کی ضرورت ہے جو اقتدار کی بجائے جمہوریت کو ترجیح دے، اور نفرت کی بجائے مفاہمت کا راستہ اپنائے۔