ویب ڈیسک: جنوبی امریکی ملک پیرو میں ایک دلخراش بس حادثے میں 18 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 24 شدید زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے کے وقت بس میں مجموعی طور پر 66 افراد سوار تھے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجہ بس میں آنے والی تکنیکی خرابی بتائی جا رہی ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بس اچانک قابو سے باہر ہو گئی اور گہری کھائی میں جا گری۔امدادی ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا ہے، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ کئی زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
مقامی انتظامیہ نے حادثے کی مکمل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بس کمپنی اور ڈرائیور کے ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ غفلت کے پہلوؤں کا تعین کیا جا سکے۔پیرو میں اس سے قبل بھی دشوار گزار پہاڑی راستوں پر بس حادثات کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں، جن کی بڑی وجہ ناقص گاڑیوں کی حالت اور سڑکوں کی خراب صورتحال بتائی جاتی ہے۔