جنوبی امریکی ملک پیرو میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں مسافر بس گہری کھائی میں جاگری، جس کے باعث 14 افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ ملک کے شمالی پہاڑی علاقے کاجامارکا کے ضلع سان جوان میں پیش آیا، جہاں سڑکیں تنگ، پیچیدہ اور دشوار گزار ہونے کے باعث حادثات کا خطرہ زیادہ رہتا ہے۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت بس میں 19 افراد سوار تھے۔ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں، پولیس اور مقامی رضاکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے ریسکیو آپریشن کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو گہری کھائی سے نکالا۔زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں بعض افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق حادثے کی اصل وجہ کا تعین ابھی نہیں ہو سکا، تاہم ابتدائی تحقیقات میں تیز رفتاری، دشوار گزار پہاڑی راستہ یا گاڑی میں ممکنہ تکنیکی خرابی کو حادثے کی ممکنہ وجوہات قرار دیا جا رہا ہے۔ واقعے کی باضابطہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔واضح رہے کہ پیرو کے پہاڑی علاقوں میں خطرناک سڑکوں، تیز رفتاری، ناقص انفراسٹرکچر اور بعض اوقات گاڑیوں کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث اس نوعیت کے ٹریفک حادثات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔