پنجاب کے ضلع خوشاب کی تحصیل نورپور تھل کے نواحی گاؤں پیلو وینس میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں چار اوباش نوجوانوں نے دو سگی بہنوں کو نشہ آور چیز دے کر مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب متاثرہ لڑکیاں (عمر 19 اور 22 سال) گھر میں اکیلی موجود تھیں۔ ملزمان کی شناخت محمد حسنین، عبدالرؤف، عمر فاروق اور محمد ایوب کے طور پر ہوئی ہے، جنہوں نے لڑکیوں کو نشہ دے کر باری باری زیادتی کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکیوں کے والد کی مدعیت میں نورپور تھل تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے اور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے۔پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹس اور دیگر شواہد کی بنیاد پر تفتیش آگے بڑھائی جا رہی ہے، اور متاثرہ لڑکیوں کو قانونی و طبی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔