لاہور کے علاقے سندر میں دو سگی بہنوں کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے واقعے پر پولیس نے تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مقدمے کی تفتیش سی سی ڈی چوہنگ کے سپرد کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ کی درخواست پر سی سی پی او لاہور نے کیس کی تفتیش سی سی ڈی چوہنگ کو منتقل کرنے کی منظوری دی، جس کے بعد اب سی سی ڈی چوہنگ اس سنگین مقدمے کی مکمل تفتیش کرے گی۔ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ دو روز قبل پیش آیا تھا، جس پر متاثرہ لڑکیوں کی والدہ کی درخواست پر نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں قاسم، عمیر جٹ، علی اکبر وٹو، ضیاء الرحمن اور احمد رضا کو نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر چکی ہے، جبکہ ایک ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور شواہد کی روشنی میں مضبوط چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔