لاہور(کرائم رپورٹر) موٹروے پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایم فور پر حفاظتی باڑ کاٹنے والے دو ملزمان گرفتار کر لیے۔ ترجمان سید عمران احمد کے مطابق دوران پٹرولنگ موٹروے پولیس نے گوجرہ اور عبدالحکیم کے قریب دو افراد کو حفاظتی باڑ کو نقصان پہنچاتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ ملزمان مویشیوں کو چرانے کے لیے حفاظتی باڑ کو نقصان پہنچاتے تھے۔ ترجمان کے مطابق ایک ملزم نے 15 میٹر جبکہ دوسرے نے 325 میٹر باڑ کاٹی۔ دونوں ملزمان کو موقع پر ہی حراست میں لیا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں عبدالحکیم اور صدر گوجرہ میں استغاثہ جمع کرا دیا گیا ہے۔ قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد ملزمان کو مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ بروقت کارروائی سے ممکنہ حادثات روکے گئے۔