پانی زندگی کی علامت ہے مگر بے احتیاطی سے موت کا سبب بھی بن سکتا ہے‘محکمہ موسمیات اور انتظامیہ کے الرٹ کو مد نظر رکھیں:وزیراعلی
وزیراعلیٰ پنجاب انٹرن شپ پروگرام کے دوسرے فیز کا آغاز‘ 2ہزارایگریکلچر گریجوا یٹ انٹرنز کو ماہانہ 60 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈوبنے سے بچاؤ کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا ہے ڈوبنے سے بچاؤ کا عالمی دن احتیاط تدابیر اختیار کرنے کا شعور دیتا ہے۔ڈبلیو ایچ او کے زیر اہتمام ڈوبنے سے بچاؤ کا تھیم ’’کوئی بھی ڈوب سکتا ہے مگر کسی کو ڈوبنا نہیں چاہیئے‘‘۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پانی زندگی کی علامت ہے مگر بے احتیاطی سے پانی موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ڈوبنے کے خطرے کو سنجیدگی سے نہ لئے جانے کے باعث دنیا بھر میں سالانہ لاکھوں لوگ جان گنوا دیتے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ نہر،ندیوں، سیلابی نالوں،دریا یا سمندر میں ڈوبنے سے بچاؤ محض احتیاط سے ممکن ہے۔ حالیہ سیلابی ریلوں میں متعدد افراد کا ڈوبنا انتہائی تکلیف دہ اور پریشان کن ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر نہروں، ندی نالوں جھیلوں اور دریا میں نہانے پر پابندی ہے۔ نہانے پر پابندی کیلئے وارننگ، سائن سسٹم اور مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ریسکیو 1122 ٹیمیں عوام کو ڈوبنے سے بچانے کیلئے پوری طرح متحرک ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے والدین سے اپیل کی ہے کہ بچوں کو سیلابی نالوں، نہروں اور دریاؤں میں نہانے سے روکیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ محکمہ موسمیات اور انتظامیہ کے الرٹ کو مد نظر رکھیں اورعوام خطرناک علاقے میں جانے سے گریز کرے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب انٹرن شپ پروگرام کے دوسرے فیز کا آغاز کر دیا گیا۔ ینگ ایگریکلچر گریجویٹس پروگرام سے 2ہزارگریجویٹ انٹرنز کو ماہانہ 60 ہزار روپے سکالر شپ دیا جائے گا۔ پروگرام کے تحت بی ایس سی ایگریکلچراور بی ایس سی (آنرز ) ایگریکلچر ل انجینئرنگ کرنے والے طلبہ انٹرن شپ پروگرام کے اہل ہوں گے۔ ینگ ایگریکلچر گریجویٹس اپنے متعلقہ ضلع میں درخواست ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع )کے آفس میں جمع کرواسکتے ہیں۔ بی ایس سی ایگریکلچر اوربی ایس سی ایگریکلچرل انجینئرنگ گریجویٹس کے لئے ہر ضلع کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔ ایگریکلچرل انٹرن شپ پروگرام کیلئے ہیلپ لائن0800-17000 کوبھی فعال کر دیا گیا۔