بچوں کی حفاظت اور بروقت امداد کیلئے پاکستان کا پہلا ورچوئل چائلڈ سیفٹی سینٹر قائم کیا گیا :وزیر اعلیٰ کا بدسلوکی کے تدارک اور بحالی کے عالمی دن پر پیغام
سپین یورپی یونین میں پاکستان کا دوسرا بڑا ایکسپورٹ پارٹنر ہے، باہمی تجارت کے بے شمار مواقع موجود ہیں: سپین کی سینیٹ کے وفد سے گفتگو
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بچوں پر تشدد، استحصال ، بدسلوکی کے تدارک اور بحالی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بچے میری ریڈ لائن ہیں انکے خلاف ہر قسم کے تشدد کا تدارک کریں گے۔ بچے ہمارا مستقبل ہیں، ان کا تحفظ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ والدین بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کریں، کھل کر بات کریں اور خیال رکھیں۔معاشرے میں کچھ بچے بدسلوکی، استحصال اور تشدد کا شکار ہونا افسوسناک ہے۔ہر قسم کا استحصال بچوں کی ذہنی، جسمانی اور جذباتی نشوونما کو متاثر کرتا ہے۔بچوں پر تشدد شخصیت اور مستقبل پر منفی اثرات مرتب کرتاہے، تدارک کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے سپین کی سینیٹ کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سپین کی سینیٹ کے وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ سپین کی سینیٹ کے وفد کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات،تجارت اور سیاحت کے مزید فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر معاشی تعاون،کلائمیٹ چینج، ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ اور ماحولیاتی آلودگی پر اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سپین کے شہر ویلنسیا سیلاب سے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور تعاون کی پیش کش کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سپین کی جانب سے پاکستان میں فلڈ رسپانس پلان کے تحت ریلیف پیکج کو سراہا۔ ملاقات میں ہسپانیہ کے شہر قرطبہ میں علامہ اقبال سے منسوب سٹریٹ کا بھی ذکر کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپین یورپی یونین میں پاکستان کا دوسرا بڑا ایکسپورٹ پارٹنر ہے، باہمی تجارت کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول کیلئے سپین کی حمایت کو دل سے سراہتے ہیں۔ سپین کے ساتھ دیرنہ اور برادرانہ تعلقات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں