چھ روز قبل جان گنوانے والے سمیر کے 1123 نمبر، والدین اشکبار،کلاس فیلوزاور اساتذہ سوگوار
حجرہ شاہ مقیم ( آئی این پی ) حجرہ شاہ مقیم کے نواحی علاقے راجووال نئی آبادی کا رہائشی سترہ سالہ طالبعلم سمیر چھ روز قبل قصور روڈ پر تیز رفتار گاڑی کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا تھا۔ اب میٹرک کا رزلٹ جاری ہوا تو معلوم ہوا کہ متوفی طالبعلم نے 1200 میں سے 1123 نمبر لیکر اے پلس گریڈ حاصل کیا۔ رزلٹ کارڈ دیکھتے ہی غمزدہ والدین، اساتذہ اور اہل علاقہ کی آنکھیں اشکبار ہو گئیں۔ سمیر نہایت ذہین، محنتی اور فرمانبردار طالبعلم تھا جو اپنے والد کے ہمراہ مغرب کے وقت پیدل گھر جا رہا تھا کہ جیپ نے کچل دیا۔ حادثے میں سمیر موقع پر دم توڑ گیا جبکہ اس کا والد مقصود شدید زخمی ہو گیا تھا۔والدین کا کہنا ہے کہ بیٹے کی کامیابی کا دن آنکھوں میں آنسو اور دل میں ٹوٹے ہوئے خواب لے کر آیا ہے۔