گذشتہ مالی سال کے دوران 10 ارب روپے اضافی جمع، رواں سال مزید اضافہ متوقع
لاہور (زیڈ این این) گذشتہ مالی سال کے دوران گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں مہنگی ہونے کے باوجود ان کی رجسٹریشن میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مالی سال 2023-24 کی نسبت گاڑیوں کی رجسٹریشن میں 30 فیصد جبکہ موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن میں 20 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے باعث محکمہ ایکسائز نے قومی خزانے کو 10 ارب روپے اضافی آمدن فراہم کی۔محکمہ ایکسائز کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ مالی سال میں ساڑھے 10 لاکھ موٹر سائیکلیں اور ایک لاکھ 49 ہزار گاڑیاں رجسٹرڈ کی گئیں، جبکہ مالی سال 2023-24 میں صرف ساڑھے 8 لاکھ رجسٹریشنز ہوئیں۔ گذشتہ مالی سال کے دوران 92 ہزار نجی گاڑیاں رجسٹرڈ کی گئیں، جو اس سے پچھلے سال کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔ مالی سال 2023-24 میں صرف ساڑھے 68 ہزار گاڑیاں رجسٹرڈ کی گئی تھیں۔اسی طرح کمرشل گاڑیوں کی رجسٹریشن میں بھی اضافہ ہوا۔ گزشتہ مالی سال میں 47 ہزار 700 کمرشل گاڑیاں رجسٹرڈ ہوئیں جبکہ مالی سال 2023-24 میں یہ تعداد صرف ساڑھے 39 ہزار تھی۔ گذشتہ مالی سال میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن سے محکمہ ایکسائز نے ساڑھے 29 ارب روپے کی ریکارڈ وصولی کی، جبکہ مالی سال 2023-24 میں یہ وصولی صرف ساڑھے 19 ارب روپے رہی تھی۔