بھارت: جہیز کی مانگ پوری نہ ہونے پر ظالم باپ کا 8ماہ کے معصوم پر تشدد، ویڈیو وائرل

نئی دہلی(آئی این پی)بھارت میں ایک ظالم باپ نے جہیز کی مانگ پوری نہ ہونے پر نومولود کو تشدد کا نشانہ بنایا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے گائوں رام پور سے ایک ایسی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جو دیکھنے والوں کے لیے انتہائی پریشان کن ہے۔اس ویڈیو میں سنجو نامی شخص اپنے 8 ماہ کو بیٹے کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ٹانگوں سے الٹا پکڑ کر گائوں کی گلیوں میں گھوم رہا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سنجو نے ایسا اپنی بیوی سمن اور سسرال والوں پر جہیز کی مانگ پوری نہ کرنے پر پریشر ڈالنے کیلئے کیا ہے۔پولیس کے مطابق بیوی نے شوہر اور سسرال والوں کے خلاف شکایت درج کرواتے ہوئے بتایا کہ سنجو اسے تشدد کا نشانہ بناتا تھا، اس نے2لاکھ روپے کیش اور ایک نئی گاڑی کا مطالبہ کیا تھا۔