کمیٹی کی رقم کے تقاضے پر مبینہ طور پر ہمسایوں نے میاں بیوی کو تشدد کا نشانہ بنا دیا
حاملہ خاتون کے پیٹ پر ٹانگیں ماریں ، آپریشن سے بچہ پیدا ہوا،نرسری میں دم توڑ گیا
لاہور(کرائم رپورٹر)اسلام پورہ میں کمیٹی کی رقم کے تقاضے پر مبینہ طور پر ہمسایوں نے میاں بیوی کو تشدد کا نشانہ بنا دیا، تشدد کے باعث 8 ماہ کی حاملہ خاتون کے ہاں آپریشن کے ذریعے پیدا ہونے والا بچہ جاں بحق ہوگیا۔متاثرہ شہری نے اندراج مقدمہ کے لیے تھانہ اسلام پورہ میں درخواست جمع کروا دی۔ درخواست گزار کے مطابق وہ کمیٹی کی رقم لینے ہمسایوں کے گھر گیا تھا، جہاں رقم دینے کے بجائے اس پر اور اس کی بیوی پر تشدد کیا گیا۔متاثرہ شہری نے الزام عائد کیا کہ ہمسایوں نے اس کی 8 ماہ کی حاملہ بیوی کے پیٹ پر ٹانگیں ماریں، جس کے باعث اس کی حالت بگڑ گئی اور اسے گنگا رام ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔درخواست گزار کے مطابق ہسپتال میں اس کی بیوی کے آپریشن کے ذریعے بچے کی پیدائش ہوئی، تاہم قبل از وقت پیدا ہونے والے بچے کو نرسری میں رکھا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔پولیس کے مطابق تشدد اور بچے کی موت کے معاملے پر قانونی کارروائی کے لیے عدالت سے میڈیکل کرانے کے احکامات حاصل کیے جانے ہیں۔