وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی اہم ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی اہم ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ سینیٹر محسن نقوی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء میں پاکستان کی شرکت، بھارت کے ساتھ میچ نہ کھیلنے اور ممکنہ بائیکاٹ سمیت مختلف آپشنز پر تفصیلی غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیراعظم کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مبینہ دوہرے معیار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ آئی سی سی بھارت کے لیے ایک الگ قانون جبکہ دیگر ممالک کے لیے مختلف اصول اپناتا ہے، جو کھیل کی روح اور انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔ملاقات میں خاص طور پر بنگلادیش کو ٹی 20 ورلڈ کپ سے نکالے جانے کے فیصلے کے بعد پاکستان کے ممکنہ ردعمل پر بھی بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق احتجاج کے مختلف راستوں پر غور کیا گیا، جن میں مکمل بائیکاٹ یا ایونٹ میں شرکت کے باوجود بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا آپشن شامل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان 15 فروری کو کولمبو میں بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلتا تو اسے صرف 2 پوائنٹس کا نقصان ہوگا، تاہم اس فیصلے سے آئی سی سی کو بھاری مالی خسارے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ پاک بھارت میچ کو ایونٹ کا سب سے بڑا اور منافع بخش مقابلہ تصور کیا جاتا ہے۔ملاقات میں اس امر پر بھی غور کیا گیا کہ پاکستان کا کوئی بھی فیصلہ قومی مفاد، کھیل کے وقار اور عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو سامنے رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حکومت اور پی سی بی تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے۔