بلوچستان :سکیورٹی فورسز کا آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 3 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی ،اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی حمایت یافتہ 3 دہشت گردہلاک کر دیئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آپریشن بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر کیا گیا،آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا، ہلاک دہشت گردوں میں دہشت گرد کمانڈر فاروق عرف سورو، عدیل اور وسیم شامل ہیں، ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ، ہلاک دہشت گردمتعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کیلئیعزم و استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں ،پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سپانسر دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پوری قوت سے کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ادھر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے جاری بیان میں پنجگور میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کا غیر متزلزل عزم اور سکیورٹی فورسز کا کردار قابلِ ستائش ہے ،فتنہ الہندوستان کے خلاف آپریشنز قومی سلامتی کیلئے ناگزیر ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے ، ہم ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھی سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران تین دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا کر ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا ثبوت دیا ،پوری قوم سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے،فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی ،حکومت اور سکیورٹی ادارے امن کے قیام کیلئے مکمل طور پر متحد ہیں ، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔