کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے کہا ہے کہ گل پلازہ کی متاثرہ عمارت میں گزشتہ 9 روز سے جاری سرچ آپریشن تقریباً مکمل کرلیا گیا ہے اور ایک مرتبہ سروے ٹیم گل پلازہ کا دوبارہ جائزہ لے گی، جس کے بعد متاثرہ عمارت کو سیل کر دیا جائے گا، جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد 73 تک پہنچ گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر ضلع سائوتھ جاوید نبی کھوسو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ عمارت میں گزشتہ 9 روز سے جاری سرچ آپریشن تقریباً مکمل کرلیا گیا ہے، پیر کو ایک مرتبہ سروے ٹیم دوبارہ جائزہ لے گی اور اس کے بعد متاثرہ عمارت کو سیل کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 73 اور لاپتا ہونے والے افراد کی فہرست 79 تک پہنچ گئی ہے، جن میں سے 13 افراد اب تک اپنے ڈی این اے جمع کرانے نہیں آئے ہیں اور نہ وہ رابطہ کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا اب تک 55 افراد کے لواحقین نے ڈی این اے نمونے جمع کرائے ہیں جبکہ 13 افراد کے لواحقین کو پیر تک وقت دیا گیا ہے، اگر وہ پیر کو آجاتے ہیں تو ان کے نمونے حاصل کر لیے جائیں گے ورنہ ہم سمجھیں گے وہ غلط لوگ تھے۔ جاوید نبی کھوسو نے بتایا چند لواحقین کے تین،تین یا چار،چار لوگ بھی شامل ہیں اور 6 افراد کی شناخت پہلے ہی روز کرلی گئی تھی، اب تک سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق 23 افراد کی شناخت کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ گل پلازہ کے گراؤنڈ فلور اور میزنائن فرسٹ فلور کو مکمل کلیئر کر لیا گیا ہے، ایک حصہ ابھی باقی ہے، جس کوسرچ کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا متاثرہ عمارت میں جانے سے گریز کیا جائے، ہم نے مارکنگ بھی کی ہے۔قبل ازیں واقعہ کے بعد نویں روز بھی ریسکیو آپریشن اور ملبہ ہٹانے کا سلسلہ تاحال جاری رہا۔ ریسکیو 1122 اور اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ عمارت کے ملبے میں موجود انسانی باقیات کی تلاش میں مصروف رہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق عمارت کے تیسرے فلور سے مزید انسانی باقیات برآمد کی گئی ہیں جو ڈی این اے ٹیسٹنگ کیلئے سول اسپتال منتقل کر دی گئیں۔