انسانی باقیات ڈی این اے ٹیسٹنگ کیلئے سول ہسپتال منتقل ، اب تک 71 لاشیں اور انسانی باقیات اسپتال لائی جاچکی:پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ طارق
22 جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل مکمل ، 6 لاشیں قابلِ شناخت، 15 لاشوں کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ سے ممکن ہوئی۔ ایک لاش کی شناخت قومی شناختی کارڈ سے کی گئی
کراچی(آ ئی این پی ) کراچی میں گل پلازہ آتشزدگی واقعہ کے بعد نویں روز بھی ریسکیو آپریشن جاری رہا ، ملبہ ہٹانے کا سلسلہ تاحال جاری ہے، ریسکیو 1122 اور اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ عمارت کے ملبے میں موجود انسانی باقیات کی تلاش میں مصروف ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق عمارت کے تیسرے فلور سے مزید انسانی باقیات برآمد کی گئی ہیں جو ڈی این اے ٹیسٹنگ کیلئے سول ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ طارق کے مطابق اب تک 71 لاشیں اور انسانی باقیات اسپتال لائی جاچکی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 22 جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل مکمل ہوچکا ہے، 6 لاشیں قابلِ شناخت تھیں جب کہ 15 لاشوں کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ سے ممکن ہوئی۔ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق ایک لاش کی شناخت قومی شناختی کارڈ سے کی گئی۔واضح رہے کہ سانحہ گل پلازہ کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔ مقدمہ نبی بخش تھانے میں درج کرلیا گیا ہے اور مقدمے میں غفلت اور لاپرواہی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔پولیس حکام کا بتانا ہے کہ سرکار کی مدعیت میں مقدمہ نامعلوم افرادکے خلاف درج کیا گیا ہے۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر سائوتھ جاوید نبی کھوسو نے کہا ہے کہ گل پلازہ میں ریکوری اور سرچنگ کا کام مکمل کر لیں گے، ملبہ اٹھانے کا کام چلتا رہے گا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات بھی کچھ انسانی باقیات ملی ہیں، جنہیں ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے، جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوتیں، اس وقت تک کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ ادھر میئرکراچی مرتضی وہاب گل پلازہ متاثرین کے گھروں کا دورہ کیا اور لواحقین سے ملاقات میں تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔مرتضی وہاب نے کہا کہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،
حکومت تمام وسائل شہریوں پر صرف کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے شہریوں کیدکھ پرسیاست کی جاتی ہے، گل پلازہ سانحے کے ذمہ داران کوکٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔دریں اثنا گو سانحہ گل پلازہ کے تناظر میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گورنر ہائو س میں فائر سیفٹی سے متعلق مفت تربیتی پروگرام شروع کر نے کا اعلان کردیا۔کامران ٹیسوری نے جامعہ بنوریہ عالمیہ کانووکیشن سے خطاب میں کہا کہ فائرسیفٹی سے متعلق مفت تربیت کے لیے تمام ایسوسی ایشنز اور مارکیٹ تنظیمیں گورنر ہائو س سے رابطہ کر سکتی ہیں۔