بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد میں 21 سالہ یوٹیوبر اور سائنس کی طالبہ بونو کوملی نے اپنے کرائے کے فلیٹ میں خود کشی کر لی۔
پولیس کے مطابق واقعے سے کچھ دیر قبل بونو نے کویت میں مقیم اپنی والدہ کو پیغام بھیجا تھا جس میں انہوں نے محبت کا اظہار کیا اور چھوٹے بھائی کا خیال رکھنے کی درخواست کی۔بونو کوملی آندھرا پردیش سے تعلق رکھتی تھیں اور گزشتہ 11 ماہ سے حیدرآباد میں ایک نجی کالج میں بی ایس سی کی تعلیم حاصل کر رہی تھیں۔ وہ اکیلی رہتی تھیں اور یوٹیوب پر لائف اسٹائل اور ذاتی نوعیت کی ویڈیوز بھی بناتی تھیں۔پولیس کے مطابق والدہ کی کالز کا جواب نہ ملنے پر انہوں نے بونو کی ایک دوست کو اطلاع دی، اور دوپہر کے وقت فلیٹ کا دروازہ توڑنے پر اندر سے بونو کی لاش ملی۔
ابتدائی تحقیقات میں ایک طویل رومانوی تعلق میں اختلافات کی وجہ سے ذہنی دباؤ کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔متوفیہ کا تعلق ایک سافٹ ویئر انجینئر سے تھا، جس کے ساتھ ان کا تین سالہ تعلق تھا، تاہم حال ہی میں دونوں علیحدہ ہو گئے تھے۔ پولیس کے مطابق بونو نے چھ ماہ قبل بھی خودکشی کی کوشش کی تھی۔لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، اور پولیس نے مشتبہ موت کا مقدمہ درج کرتے ہوئے فون ریکارڈنگز، پیغامات اور قریبی افراد کے بیانات کی بنیاد پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔