آٹے کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ یا قلت برداشت نہیں ،وزیراعظم راٹھور

  فوڈ اتھارٹی  حکام   فیلڈ میں متحرک کردار، مارکیٹ کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائیں
مظفر آباد(آئی این پی)وزیراعظم آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سیکرٹری خوراک سردار سہیل اعظم نے وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور کومحکمہ خوراک کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں آزادجموں و کشمیر سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق سٹیٹک فوڈ لیب  کے قیام کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا  گیا،اجلاس  میں اشیائے خوردونوش کی کوالٹی، آٹے کی بلا تعطل ترسیل، اشیاء خوردو نوش کی قیمتوں کے استحکام اور شفاف اور معیار کے مطابق تقسیم کے نظام کا جامع جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر و وزیر قانون میاں عبدالوحید، وزیر خزانہ و ان لینڈ ریونیو چوہدری قاسم مجید، وزیر خوراک چوہدری جاوید اقبال بڈھانوی، پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود، سیکرٹری خوراک سردار سہیل اعظم، ڈائریکٹر جنرل محکمہ فوڈز مسعود الراحمان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔بریفنگ میں وزیراعظم آزاد کشمیر کو آٹے کی سپلائی چین،  آٹے کے معیار کو بہتر بنانے اور سرکاری گوداموں میں دستیاب ذخائر، سمیت اضلاع کی سطح پر ترسیلی نظام، فلور ملز سے کوٹہ اجراء، اور مارکیٹ میں معیار کی نگرانی کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی