طالبان کی فائرنگ، پاک فوج کا منہ توڑ جواب،شمالی وزیرستان اور لکی مروت میں34دہشت گردجہنم واصل

افغان طالبان نے طورخم اورتیراہ میں پاک افغان سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کی‘جھڑپیں سرحدی علاقے کے تین مختلف پوائنٹس پر ہوئیں ‘ فائرنگ کا سلسلہ  ایک گھنٹے تک جاری رہا،‘افغان فورسز کی چیک پوسٹ تباہ کردی گئی
شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی اور حسن خیل کے مقام پر دراندازی کی کوشش  ناکام‘13 شرپسند مارے گئے‘ضلع لکی مروت اور بنوں میں  میں13  خوارج  ہلاک ‘ژوب کے علاقے سمبازہ میں 8  دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا
خیبر‘راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) افغان طالبان نے طورخم اورتیراہ میں پاک افغان سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کی۔پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیا، وزیراعظم شہبازشریف کے ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا مشرف زیدی نے ایکس پر بیان میں کہا کہ کسی بھی مزید اشتعال انگیزی کا فوری اور سخت جواب دیا جائے گا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق جھڑپیں سرحدی علاقے کے تین مختلف پوائنٹس پر ہوئیں اور فائرنگ کا سلسلہ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا، پاک فوج کے تمام جوان محفوظ رہے جبکہ جوابی کارروائی کے دوران افغان فورسز کی ایک چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا جو مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔دریں اثناء  خیبر پختونخواکے علاقے شمالی وزیرستان، لکی مروت اور ڑوب میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں23 خوارج جہنم واصل ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کو شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی اور حسن خیل کے مقابل پاکستان-افغانستان سرحد پر خوارج کے ایک گروہ کی دراندازی کی کوشش کی اطلاع ملی۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ اِس کوشش کو بروقت آپریشنز کرتے ہوئے ناکام بنا دیا گیا، مؤثر اور پیشہ ورانہ کارروائیوں کے نتیجے میں13 شرپسند مارے گئے۔دوسری جانب ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع لکی مروت اور بنوں میں کیا گیا جس میں13  خوارج کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ ژوب کے علاقے سمبازہ میں 8  دہشت گرد ہلاک ہوئے، ہلاک شرپسندوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے مزید خوارج کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ ’عزم استحکام‘ مہم کے تحت انسداد دہشتگردی  پوری رفتار سے جاری رکھی جائے گی۔