مشیرِ اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے سندھ اور پنجاب کی حکومتوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان صوبوں میں غیر منتخب حکومتوں کی کارکردگی صرف ڈرامے بازی تک محدود ہے، جبکہ عوام کو نہ تو کوئی بہتری نظر آ رہی ہے اور نہ ہی محسوس ہو رہی ہے۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے سوال اٹھایا کہ کون سی کارکردگی ہے جس کی تشہیر کی جا رہی ہے؟ کیا پنجاب میں مہنگائی اور بے روزگاری ختم ہو چکی ہے؟ انہوں نے کہا کہ جو لوگ عوام کے لیڈر بننے کے شوق میں مبتلا ہیں، ان کا کردار مذاق بن چکا ہے۔مشیرِ اطلاعات نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت عوام کی حقیقی خدمت کر رہی ہے، جبکہ سندھ اور پنجاب میں حکومتیں محض نمائشی اقدامات کر کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔