جنین کیمپ میں اسرائیلی آپریشن: فلسطینیوں کو مستقل نقل مکانی کا خدشہ

پناہ گزین کیمپ کو ملیا میٹ کرکے سڑکوں کی تعمیر کا کام شروع کردیا گیا،40ہزار سے زائد فلسطینی گھر چھوڑنے پرمجبور
غزہ(آئی این پی ) اسرائیل نے مغربی کنارے میں واقع پناہ گزینوں کے جنین کیمپ کو ملیا میٹ کر دیا اور اس جگہ پر سڑکوں کی تعمیر کا کام شروع کردیا جس سے فلسطینیوں میں ایک بار پھر مستقل نقل مکانی کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ غیرملکی خبر رساں ادار ے کے مطابق غزہ جنگ بندی معاہدہ طے پانے کے ایک دن بعد ہی اسرائیل نے مغربی کنارے میں آپریشن کا آغاز کیا جس کے نتیجے میں جنین اور قریبی شہر طولکرم سے کم از کم 40 ہزار فلسطینی اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔جنین میونسپلٹی کے ترجمان بشیر مطاحن نے شمالی غزہ کے پناہ گزین کیمپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنین میں وہی سب دہرایا جا رہا ہے جو جبالیہ میں ہوا تھا۔  انہوں نے کہا کہ کم از کم 12 بلڈوزرز کی مدد سے گھروں اور انفراسٹرکچر کو مسمار کیا جا رہا ہے جہاں 1948 کی جنگ کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے فلسطینی کئی سالوں سے پناہ لیے ہوئے تھے۔