پٹرولیم نرخوں میں کمی کا فائدہ بلوچستان کو دینے کی بات جھوٹ ہے: عمر ایوب

حکومت نے جو پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی  لگائی ہے وہ  کتنی دیر تک دے سکتے ہیں؟میڈیا سے گفتگو
 راولپنڈی(آئی این پی )قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی رہنما  عمر ایوب نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ بلوچستان کو کیسے دیں گے؟ یہ سب کا سب جھوٹ ہے، شہباز شریف سے بڑا جھوٹا کوئی نہیں۔جمعرات کو اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سے بڑا جھوٹا کوئی نہیں، پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی جو انہوں نے لگائی ہے کتنی دیر تک دے سکتے ہیں؟ روپے کی قدر کم ہونے سے ملک پر 14 ہزار 450 ارب قرضہ بڑھا ہے مہنگائی کہاں جارہی ہے ابھی مزید مسائل کھڑے ہوں گے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ بلوچستان کو کیسے دیں گے؟ یہ سب کا سب جھوٹ ہے حکومت بتائے کون سے فنڈ بلوچستان میں لگائے گی؟