ڈاکٹر ذاکر نائیک پاکستان پہنچ گئے، حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات

بہت عرصے سے جماعت اسلامی کے ہیڈ آفس منصورہ آنے کی خواہش تھی:مذہبی سکالر
لاہور(آئی این پی)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے نامور مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر عبدالکریم نائیک نے منصورہ میں ملاقات کی۔ڈاکٹر ذاکرنائیک جو گزشتہ برس اکتوبر میں دورہ پاکستان کے دوران سیکورٹی مسائل کے باعث منصورہ نہ آسکے، منگل کی صبح لاہور ائرپورٹ پر آمد کے بعد منصورہ پہنچے، امیر جماعت نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔حافظ نعیم الرحمن نے ڈاکٹر ذاکرنائیک کو جماعت اسلامی کی دینی خدمات، تعلیمی کاوشوں، فلاحی سرگرمیوں اور تحقیقاتی کاموں سے متعلق آگاہ کیا اور انہیں مختلف شعبوں کا دورہ کرایا۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ ان کی بہت عرصے سے جماعت اسلامی کے ہیڈ آفس منصورہ آنے کی خواہش تھی، وہ گزشتہ دورہ پاکستان کے دوران خواہش کے باوجود منصورہ نہ آسکے۔ انہوں نے جماعت اسلامی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خدمات کی تحسین کرتے ہوئے مسرت اور اطمینان کا اظہار کہا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ امت مسلمہ اور بالخصوص نوجوان نسل کو علم کے میدان میں آگے بڑھنے اور اتحاداور اخوت کا دامن تھامنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن وسنت پر عمل پیرا ہوکر ہی امت کے مسائل کا تدارک ہوسکتا ہے۔