لاہور میں بسنت کی تیاریاں عروج پر ہیں اور اسپیڈو اور گرین الیکٹرک بسیں ثقافتی رنگوں سے سجا دی گئی ہیں۔
شہر بھر میں 6 سے 8 فروری تک بسنت کے تین روز کے دوران شہریوں کے لیے مفت سفری سہولت فراہم کرنے کے اقدامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب نے بتایا کہ میٹرو، اورنج لائن، اسپیڈو اور الیکٹرک بسوں میں شہری مفت سفر کر سکیں گے، تاکہ بسنت کے تہوار کا جشن ہر شہری بھرپور انداز میں منا سکے۔بسنت کے دوران ضلع لاہور اور پنجاب کی حدود کے باہر سے پتنگ بازی کا سامان لانے کی مشروط اجازت دی گئی ہے، جبکہ دھاتی ڈور اور ممنوعہ کیمیکل کے استعمال پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ رہے گی، تاکہ شہری محفوظ ماحول میں تہوار منائیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بسنت کے تینوں دن لاہور میں موسم خوشگوار رہے گا، بادلوں کے ساتھ ساتھ ہلکی ہوائیں چلیں گی، جس سے شہری موسم بہار کے اس روایتی تہوار کو بھرپور طریقے سے انجوائے کر سکیں گے۔