براڈوے کی اداکارہ امانی ڈایا اسمتھ، جو فلم The Lion King میں ینگ نالا کے کردار سے شہرت رکھتی تھیں، نیو جرسی میں اپنے گھر پر چاقو کے وار سے ہلاک ہو گئی ہیں۔ اداکارہ کی عمر 25 سال تھی۔
مڈل سیکس کاؤنٹی پراسیکیوٹر آفس کی پریس ریلیز کے مطابق، گذشتہ روز صبح 9 بج کر 18 منٹ پر گروو ایونیو پر واقع رہائش گاہ میں چاقو کے حملے کی اطلاع پر 911 کال موصول ہوئی۔ پولیس موقع پر پہنچی تو امانی اسمتھ کو شدید زخمی حالت میں پایا گیا اور انہیں فوری طور پر رابرٹ وُڈ جانسن یونیورسٹی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔پولیس نے مقتولہ کے 35 سالہ بوائے فرینڈ، جارڈن ڈی جیکسن اسمال کو گرفتار کر لیا ہے۔ پراسیکیوٹر آفس کے مطابق امانی اسمتھ اور جارڈن ایک دوسرے کو پہلے سے جانتے تھے، لہٰذا یہ واقعہ اتفاقی تشدد کا نتیجہ نہیں تھا۔
ابتدائی تفتیش کے بعد، جارڈن جیکسن اسمال پر درج ذیل الزامات عائد کیے گئے ہیں:
فرسٹ ڈگری قتل
سیکنڈ ڈگری بچے کی فلاح کو خطرے میں ڈالنا
تھرڈ ڈگری غیر قانونی مقصد کے لیے ہتھیار رکھنا
فورتھ ڈگری غیر قانونی طور پر ہتھیار رکھنا
امانی اسمتھ کے پسماندگان میں ان کا 3 سالہ بیٹا، والدین، دو کم عمر بہن بھائی اور دیگر قریبی رشتہ دار شامل ہیں۔واضح رہے کہ امانی اسمتھ کی والدہ فلم انڈسٹری میں ہیئر ڈریسر کے طور پر کام کرتی ہیں اور حال ہی میں فلم The Housemaid میں ان کا کریڈٹ شامل ہے۔