وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی ایک ویڈیو گزشتہ روز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی، جس میں وہ ایک نجی ٹی وی چینل کے لائیو پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے کہ اچانک ایک نامعلوم شخص آیا اور چیختے ہوئے کہا ’بند کرو اسے‘، جس کے فوراً بعد نشریات منقطع ہو گئیں۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین نے شدید تشویش کا اظہار کیا اور سوال اٹھایا کہ وہ شخص کون تھا جس نے لائیو پروگرام کے دوران نشریات روکنے پر مجبور کیا۔معروف صحافی اجمل جامی کے مطابق، انہوں نے ویڈیو دیکھنے کے بعد وفاقی وزیر سے رابطہ کیا، جنہوں نے وضاحت دی کہ واقعہ ان کے اسلام آباد میں واقع گھر پر ایک خاندانی تقریب کے دوران پیش آیا، جب بچے اچانک مطالعہ خانے میں داخل ہو گئے، جس کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی۔
بعد ازاں احسن اقبال نے خود بھی وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ لائیو نشریات کے دوران مختصر خلل اس وقت پیش آیا جب قریب موجود شخص کو معلوم نہیں تھا کہ وہ براہِ راست آن ایئر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کچھ ہی دیر بعد دوبارہ انٹرویو میں شامل ہو گئے تھے اور امید ظاہر کی کہ اس معاملے کو بلاوجہ سیاسی رنگ نہیں دیا جائے گا۔