بنگلہ دیش:خالدہ ضیا کے بیٹے کی 17 سال بعد وطن واپسی

لاکھوں افراد کا استقبال ،ملک میں کسی بھی قسم کے تصادم سے گریز کرنا چاہیے
ملک کی تعمیر نو کیلئے منصوبہ موجود ،شہری تعاون کریں:طارق کااجتماع سے خطاب 
ڈھاکہ (مانیٹرنگ ڈیسک)بنگلہ دیش کی سیاسی جماعت بی این پی کے قائم مقام چیئرمین اور سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کے بیٹے طارق رحمان نے17سال بعد وطن واپس پہنچ گئے ، لاکھوں افراد نے استقبال کیا ، ڈھاکہ میں منعقدہ بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو پرسکون رہنا چاہیے اور کسی بھی قسم کے تصادم سے گریز کرنا چاہیے۔انہوں نیکہا کہ ہمیں امن، امن اور صرف امن چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ طاقتور مفادات کے ایجنٹ اب بھی ہنگامہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور سیاسی تحریکوں کو پرامن رہنا چاہیے۔طارق رحمان نے سب کو ملک کے شہری ہونے کے ناطے یکساں حقوق کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش ہر مذہب کے لوگوں کے لیے محفوظ جگہ ہونا چاہیے، چاہے وہ مسلمان، ہندو، بدھ یا عیسائی ہوں۔رحمان نے ان سیاسی کارکنوں کو بھی یاد کیا جنہوں نے اپنی جانیں قربان کیں، جن میں عثمان ہادی بھی شامل ہیں، اور کہا کہ ان کی قربانیاں عام لوگوں کے جمہوری اور معاشی حقوق کے تحفظ کے لیے تحریک پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوان مستقبل کی تعمیر کریں گے، لیکن اس کے لیے مستحکم جمہوریت اور مضبوط معیشت کی ضرورت ہے۔طارق رحمان نے کہا کہ ان کے پاس ملک کی تعمیر نو کے لیے بھی ایک منصوبہ موجود ہے اور انہوں نے تمام شہریوں سے تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے اپنی والدہ کی صحت یابی کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی اور شاندار استقبال پر لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔