شمالی بلوچستان میں ندی نالوںاور پائپ لائنوں میں پانی جم گیا،پختونخوا میں برف باری
لاہور (خصوصی رپورٹ )ملک کے طول و عرض میں سردی کے ڈیرے ہیں جبکہ شمالی بلوچستان میں شدید سردی سے ندی نالوں حتی کہ پائپ لائنوں میں بھی پانی جم گیا ۔کراچی میں بھی سرد ہوائوں کے باعث ٹھنڈ بڑھ گئی، لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید سردی ہے۔مری میں برف باری کے بعد سردی میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ موسمیات نے رواں سیزن میں بارش اور برف باری کم ہونے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ جنوری کے دوسرے ہفتے سے سردی بڑھنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔دوسری جانب شدید دھند کے باعث موٹروے پولیس نے عوام کی حفاظت کے پیش نظر موٹر وے کے مختلف سیکشنز کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد نے کہا ہے کہ موٹروے ایم 2 لاہور سے خانقاہ ڈوگرہ، ایم 3 لاہور سے رجانہ، ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان، اور ایم 5 ملتان سے روہڑی سمیت لاہور سیالکوٹ موٹروے کو دھند کی شدت کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔