سندھ میں خام تیل کی پیداوار میں نمایاں اضافہ کا اعلان

سندھ میں خام تیل کی پیداوار میں نمایاں اضافہ کا اعلان

آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) نے سندھ کے پساکھی فیلڈ سے خام تیل کی پیداوار میں بڑے اضافے کا اعلان کیا ہے۔

 کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ایک خط بھیجا، جس میں بتایا گیا کہ پساکھی فائیو فیلڈ کے کنویں سے تیل کی پیداوار میں یومیہ 420 بیرل کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد مجموعی طور پر پیداوار 900 بیرل یومیہ تک پہنچ گئی ہے۔او جی ڈی سی ایل نے اس اضافے کی وجہ پساکھی فائیو فیلڈ میں پیداوار کے عمل کو ای ایس پی (Electrical Submersible Pump) سسٹم سے بہتر بنانے کو قرار دیا ہے۔ ای ایس پی سسٹم کا استعمال تیل کی نکاسی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے اور پیداوار میں اضافے کے لیے کیا گیا ہے۔اس فیلڈ میں او جی ڈی سی ایل کا 100 فیصد شئیر ہے، اور اس اضافے سے نہ صرف کمپنی کی توانائی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ یہ پاکستان کی مقامی توانائی ضروریات کو پورا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

اس اضافے کے بعد پساکھی فیلڈ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے، کیونکہ ملک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مقامی وسائل کا استعمال ضروری ہے۔ او جی ڈی سی ایل کی یہ کامیابی پاکستان کے توانائی کے شعبے میں خود انحصاری کی جانب ایک اور قدم ثابت ہوگی۔