پنجاب کی وزیراطلاعات عظمی بخاری نے پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی ایک طرف مذاکرات کے لیے ڈرامہ کر رہی ہے اور دوسری طرف سول نافرمانی کی تحریک کو بڑھاوا دے رہی ہے۔
عظمی بخاری نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما سوشل میڈیا پر اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلات زر نہ بھیجنے پر اکسا رہے ہیں، اور اس مہم میں زلفی بخاری، شہباز گل، اور شہزاد اکبر جیسے افراد پیش پیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے پی ٹی آئی کے فتنہ اور اس کی ملک دشمنی کو مسترد کر دیا ہے اور اس سال پاکستان میں سب سے زیادہ ترسیلات زر بھیجی ہیں۔عظمی بخاری نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کا حالیہ موقف بھی قابل مذمت ہے، جنہوں نے ایک وقت میں کہا تھا کہ وہ پاکستانی عوام کو امریکی غلامی سے آزاد کرائیں گے لیکن اب وہ امریکی لابی کے ذریعے پاکستان میں مداخلت کی درخواستیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اب این آر او کے لیے کسی کے بھی پاؤں پکڑنے کو تیار ہیں۔صوبائی وزیراطلاعات نے واضح کیا کہ پاکستان ایک خودمختار ملک ہے اور وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی مداخلت کو صاف انکار کیا ہے۔ پاکستان اپنے داخلی معاملات میں کسی بھی بیرونی مداخلت کو برداشت نہیں کرے گا۔