اسلام آباد (آئی این پی ) پی ٹی آئی کی ایک خاتون رہنما اور نامعلوم ہینڈلر کی 26 نومبر کو ہونیوالی شرپسندی کے حوالے سے ہوشربا گفتگو منظر عام پر آئی ہے، ذرائع کے مطابق منظر عام پر آنے والی گفتگو میں نامعلوم ہینڈلر پی ٹی آئی خاتون رہنما کو اسلام آباد جتھے پہنچانے کی واضح ہدایات دے رہا ہے۔یہ گفتگو بذریعہ وائس نوٹس سیاسی جماعت کے مختلف واٹس ایپ گروپس میں شیئر کی گئی۔گفتگو میں نامعلوم ہینڈلر نے عسکری طرز پر نقشوں کی مدد سے خیبرپختونخوا سے آنے والے جتھوں کی نقل و حمل کا پورا منصوبہ واضح کیا، ہینڈلر کی گفتگو سے واضح ہے کہ جتھوں کے روٹس کی نشاندہی نقشوں پر مختلف رنگوں سے کی گئی۔گفتگو کے آغاز میں نامعلوم ہینڈلر پی ٹی آئی خاتون رہنما کو کہتا ہے کہ میری بہن میں نے تمام چیزوں کو آسان بنا دیا ہے، یاد رکھیں یہ Do and Die کا معاملہ ہے۔