آذربائیجان کا طیارہ قازقستان میں گر کر تباہ‘42مسافرہلاک

طیارے کو دھند کے باعث رخ تبدیل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی‘پرندہ ٹکرانے کے بعد پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کی تھی

باکو (آ ن لائن‘آئی این پی)آذربائیجان کا مسافر طیارہ قازقستان ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق باکو سے گروزنی جانے والا طیارہ اکٹو ہوائی اڈے کے قریب گر کر تباہ ہوا۔حادثے کا شکار ہونے والے مسافر طیارے میں 67 افراد سوار تھے جن میں 42کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے نے حادثے سے قبل ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کی تھی۔حادثے سے قبل طیارے نے مبینہ طور پر کئی بار ہوائی اڈے کا چکر لگایا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے میں سوار 25 مسافر زندہ بچ گئے ہیں جن میں سے 22 کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔  گروزنی میں شدید دھند کے باعث حادثے کا شکار ہونے سے قبل طیارے کو رخ تبدیل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ روسی ہوا بازی کے نگران ادارے کے مطابق اطلاعات ہیں کہ طیارے سے پرندہ ٹکرانے کے بعد پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ حادثے کی غیر مصدقہ ویڈیو میں آذربائیجان ایئرلائنز کے طیارے میں زمین سے ٹکراتے ہی آگ بھڑک اٹھی اور دھوئیں کے گہرے بادل دیکھے گئے تاہم آگ پر قابو پالیا گیا