اسرائیلی آرمی چیف کا نیتن یاہو کو مشورہ: یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ قبول کریں

اسرائیلی آرمی چیف کا نیتن یاہو کو مشورہ: یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ قبول کریں

اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زمیر نے کہا ہے کہ غزہ میں توسیعی فوجی آپریشن یرغمالیوں کی جان کے لیے شدید خطرات پیدا کر سکتا ہے، لہٰذا وزیراعظم نیتن یاہو کو یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مجوزہ معاہدہ قبول کر لینا چاہیے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایال زمیر نے حیفا میں ایک بحری اڈے کے دورے کے دوران کہا کہ یرغمالیوں کی رہائی کے معاملے پر بات چیت جاری ہے، اور فوج نے معاہدے کے لیے حالات پیدا کر دیے ہیں۔ اب یہ فیصلہ اسرائیلی وزیراعظم کے ہاتھ میں ہے کہ وہ اس معاہدے کو قبول کریں یا نہیں۔ایال زمیر نے زور دیا کہ غزہ شہر پر قبضے کی کوشش یرغمالیوں کی زندگیوں کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے، اور اس لیے اسرائیل کو فوری طور پر مجوزہ معاہدے پر غور کرنا چاہیے۔

دوسری جانب، قطر اور مصر کی ثالثی میں پیش کی جانے والی تازہ ترین جنگ بندی کی تجویز پر تبادلۂ خیال کے لیے آج اسرائیل کی سیکیورٹی کابینہ کا اجلاس ہوگا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کے ترجمان نے کہا کہ نیتن یاہو پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ وہ صرف اس صورت میں معاہدہ قبول کریں گے جب تمام یرغمالیوں کی ایک بار میں رہائی ممکن ہو۔