ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے منصوبہ تیار

 منصوبہ گلبرگ مین بلیوارڈ سے موٹروے ایم ٹو تک صرف 10 منٹ میں رسائی فراہم کریگا ،ابتدائی تفصیلات پر غور 
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور شہر کے دیرینہ ٹریفک مسائل اور شہریوں کی سہولت کیلئیپنجاب حکومت نے ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے منصوبہ متعارف کروا دیا۔ سیکرٹری ہا ئوسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت اجلاس میں منصوبے کی ابتدائی تفصیلات پر غور کیا گیا۔ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے کو ماحول دوست پالیسی کے مطابق ڈیزائن کرنے کیلئے جامع ٹریفک اور انوائرنمنٹل سٹڈی کی ہدایت کی گئی ہے۔ منصوبے کے تحت شہر کی مرکزی مارکیٹوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے اور موٹروے کے قریب بس ٹرمینل کے قیام کا بھی پلان تیار کیا جا رہا ہے۔منصوبہ گلبرگ مین بلیوارڈ سے موٹروے ایم ٹو تک صرف 10 منٹ میں رسائی فراہم کرے گا۔ چار رویہ ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے روزانہ ستر ہزار سے زائد مسافروں کو سہولت دے گا۔ منصوبہ برساتی نالے کے اوپر تعمیر کیا جائے گا اور شہریوں کیلئے چھ بڑی شاہراہوں پر انٹرچینجز بھی بنائیجائینگے۔ایکسپریس وے کا انٹرلنک میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین کے روٹس کے ساتھ بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو مربوط ٹرانسپورٹ سسٹم کی سہولت حاصل ہو سکے۔ منصوبے سے نا صرف ٹریفک مسائل کم ہونگے بلکہ کاربن اخراج میں کمی بھی ہو گی۔محکمہ ہا ئوسنگ کے مطابق منصوبے کی ماحولیاتی سٹڈی مکمل ہونے کے بعد تفصیلی پلان وزیر اعلیٰ پنجاب کومنظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈی جی ایل ڈی اے، ڈی جی واسا پنجاب، نیسپاک انجینئرز اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔