لاہور (کرائم رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب کے وڑن کے مطابق سیف سٹیز اتھارٹی انسانی خدمت کے منصوبوں میں سرگرم عمل ہے۔ اس کے تحت 'میری پہچان سنٹر' لاوارث نعشوں اور ذہنی و جسمانی کمزور افراد کو اہلِ خانہ سے ملانے کا کام انجام دے رہا ہے۔ ترجمان سیف سٹیز کے مطابق سنٹر کے قیام کے ابتدائی سات ماہ میں 1240 لاوارث نعشوں کی شناخت مکمل کی گئی جبکہ 800 سے زائد لاوارث نعشیں شناخت کے بعد ورثا کے سپرد کی جا چکی ہیں۔میری پہچان منصوبہ ذہنی و جسمانی کمزور افراد کی شناخت میں بھی مددگار ثابت ہو رہا ہے۔ سنٹر نے مختلف فلاحی اداروں میں موجود 1359 افراد کا بائیومیٹرک ریکارڈ تیار کیا اور جدید سسٹم کی بدولت 736 سے زائد افراد کو اہلِ خانہ کے سپرد کیا گیا۔ سنٹر میں نادرا سے منسلک بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے گمشدہ افراد اور لاوارث نعشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔سیف سٹیز کی 'میری پہچان' ٹیم پنجاب بھر کے ہسپتالوں، ڈیڈ ہاوسز اور اولڈ ایج ہومز کے باقاعدہ دورے کرتی ہے۔ ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر موصول کالز کی مدد سے بھی لاوارث افراد اور نعشوں کی شناخت کی جاتی ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ لاوارث نعشوں یا ذہنی و جسمانی کمزوری کے شکار گمشدہ افراد کی اطلاع فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر دیں۔