فیصل کامران شکایات پر تھانیداروں کو کارروائی کا حکم

ڈی آئی جی آپریشنز کی  کچہری میں دھمکیوں، ہراسانی، مالی فراڈ اور دیگر مسائل سے متعلق شکایات کی بھرمار
 لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی کھلی کچہری میں شہریوں نے دھمکیوں، ہراسانی، مالی فراڈ اور دیگر مسائل سے متعلق شکایات پیش کر دیں۔ پلاٹ کی خریداری کے لیے 95 لاکھ روپے مالیت کی تین گاڑیاں دینے کے باوجود پلاٹ نہ ملنے پر متاثرہ شہری انصاف کے لیے کھلی کچہری پہنچ گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او کاہنہ کو شواہد کی روشنی میں سات روز کے اندر قانونی کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔کھلی کچہری میں سود خور کی جانب سے دھمکیاں دینے اور مقدمے کی گواہی سے دستبردار ہونے کے لیے دباؤ ڈالنے کی شکایت پر فیصل کامران نے ایس ایچ اوز نشتر کالونی اور کاہنہ کو شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ بدمعاشی اور ہراسانی کی شکایت پر ایس ایچ او ہنجروال کو شواہد کی روشنی میں مقدمہ درج کرنے جبکہ گروی مکان کی رقم میں خوردبرد اور تشدد کے معاملے پر ایس ایچ او فیکٹری ایریا کو قانونی کارروائی کا حکم دیاڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ شہریوں کی شکایات پر بروقت قانونی کارروائی اور داد رسی یقینی بنائی جائے۔ دھمکیوں اور ہراسانی کا سامنا کرنے والے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا اور ان کے مسائل کا قانونی حل یقینی بنانا ہے۔ شہری روزانہ دوپہر ایک سے تین بجے تک کھلی کچہری میں پیش ہو کر اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں