رواں سال 1لاکھ 34ہزار اشتہاری گرفتار

 گرفتار ہونے والے  میں اے کیٹگری کے 31 ہزار 382 ، بی کیٹگری کے ایک لاکھ سے زائد مجرم شامل
 لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کا صوبہ بھر میں سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری و عادی مجرمان، عدالتی مفروروں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر سے ایک لاکھ 34 ہزار سے زائد اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ہونے والے اشتہاریوں میں اے کیٹگری کے 31 ہزار 382 جبکہ بی کیٹگری کے ایک لاکھ سے زائد مجرمان شامل ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ صوبہ بھر سے 43 ہزار سے زائد عدالتی مفروران کو بھی گرفتار کیا گیا جن میں اے کیٹگری کے 5 ہزار 893 جبکہ بی کیٹگری کے 37 ہزار 132 عدالتی مفرور شامل ہیں۔ کریک ڈاؤن کے دوران 18 ہزار 988 عادی مجرموں کو بھی گرفتار کیا گیا جن میں اے کیٹگری کے 6 ہزار 373 جبکہ بی کیٹگری کے 12 ہزار 615 عادی مجرم شامل ہیں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی کریک ڈاؤن کے دوران 32 ہزار 527 اشتہاری مجرمان، 13 ہزار 247 عدالتی مفرور اور 6 ہزار 77 عادی مجرم گرفتار کیے گئے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے اشتہاری مجرمان، عدالتی مفروروں کو گرفتار کرنے والی پولیس ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی اور ہدایت کی کہ اشتہاری و عادی مجرمان اور عدالتی مفروروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں۔