ویب ڈیسک: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ، یوکرین کے روسی توانائی تنصیبات پر حملے مؤثر
عالمی منڈی میں پیر کے روز خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی بنیادی وجہ یوکرین کے روسی توانائی تنصیبات پر بڑھتے ہوئے ڈرون حملے اور روسی تیل کی سپلائی میں ممکنہ خلل کے خدشات ہیں۔خبر ایجنسی کے مطابق کاروباری سیشن کے دوران برینٹ کروڈ فیوچرز 3 سینٹ (0.04 فیصد) اضافے کے ساتھ 67.76 ڈالر فی بیرل اور ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ فیوچرز 7 سینٹ (0.11 فیصد) اضافے کے ساتھ 63.73 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے۔روسی حکام کے مطابق اتوار کو یوکرین کے ڈرون حملے کے باعث روس کے بڑے نیوکلیئر پاور پلانٹس میں سے ایک کے ری ایکٹر کی استعداد متاثر ہوئی اور اُست لوگا فیول ایکسپورٹ ٹرمینل پر شدید آگ بھڑک اٹھی۔ اسی طرح روس کی نووشاختنسک ریفائنری میں بھی لگنے والی آگ چوتھے دن بھی برقرار رہی۔ یہ ریفائنری سالانہ تقریباً 5 ملین میٹرک ٹن تیل پراسیس کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور زیادہ تر فیول برآمد کرتی ہے۔مارکیٹ تجزیہ کار ٹونی سائی کامور نے کہا کہ یوکرین روسی آئل انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہا ہے، جس سے خام تیل کی سپلائی میں ممکنہ خلل کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔