سونو نگم نے اپنی کامیابی کا سہرا عطااللّٰہ عیسیٰ خیلوی کو دے دیا

سونو نگم نے اپنی کامیابی کا سہرا عطااللّٰہ عیسیٰ خیلوی کو دے دیا

بالی ووڈ کے معروف گلوکار سونو نگم نے حال ہی میں صحافی فریدون شہریار کے پوڈکاسٹ میں شرکت کرتے ہوئے اپنے کیریئر اور زندگی کے مختلف پہلوؤں پر کھل کر بات کی۔

 انہوں نے اپنی کامیابی کا سہرا پاکستان کے لیجنڈ گلوکار عطااللّٰہ عیسیٰ خیلوی کو دیا اور کہا کہ ان کے گانوں سے انہیں پہچان ملی۔سونو نگم نے بتایا کہ انہوں نے اپنے کیریئر کی شروعات عطااللّٰہ عیسیٰ خیلوی کے مشہور گانے ’اچھا صِلہ دیا‘ سے کی تھی، جس نے ان کے کیریئر میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے پہلی ملاقات اور گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت صرف 19 سال کے تھے جب عطااللّٰہ عیسیٰ خیلوی نے ان سے کہا، ’’مسٹر سونو، آپ نے اسے بہت اچھا گایا ہے۔‘‘

سونو نگم نے مزید کہا کہ وہ ہر اس شخص کے شکر گزار ہیں جس نے ان کے کیریئر میں حصہ ڈالا، اور وہ ہمیشہ ان لیجنڈ گلوکاروں کے لیے دعا گو رہیں گے جنہوں نے ان کی موسیقی کی پہچان بنانے میں مدد کی۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں ’اچھا صلہ‘ کو ایک اہم موڑ قرار دیا اور عطااللّٰہ عیسیٰ خیلوی کی رہنمائی کو اپنی کامیابی کی بنیاد بتایا۔یہ انٹرویو سونو نگم کے مداحوں میں کافی مقبول ہوا اور سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا، جہاں مداحوں نے لیجنڈ گلوکار کے لیے سونو نگم کے جذبات کی تعریف کی۔