امریکی حکومت نے بھارتی مصنوعات پر 25 فیصد اضافی ٹیرف نافذ کردیا

امریکی حکومت نے بھارتی مصنوعات پر 25 فیصد اضافی ٹیرف نافذ کردیا

امریکا نے بھارتی مصنوعات پر بھاری ٹیرف عائد کر دیا ہے جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

امریکی ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ بھارتی مصنوعات پر 25 فیصد اضافی ٹیرف لاگو کیا جا رہا ہے، جس سے مجموعی ٹیرف کی شرح 50 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔یہ نیا ٹیرف 27 اگست کو بھارتی مقامی وقت دوپہر 12 بج کر 1 منٹ سے نافذ العمل ہوگا۔ نوٹس میں وضاحت کی گئی ہے کہ یہ ٹیکس ان تمام مصنوعات پر لاگو ہوگا جو اس تاریخ کے بعد امریکی مارکیٹ میں کھپت کے لیے رجسٹر ہوں گی یا گوداموں سے نکالی جائیں گی۔امریکا نے اپنے نوٹس میں کہا ہے کہ یہ اقدام یوکرین پر روسی حملوں میں بھارت کی بالواسطہ حمایت کے جواب میں اٹھایا گیا ہے۔

ادھر بھارتی وزارتِ تجارت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے تصدیق کی کہ نئی امریکی پالیسی پر کسی فوری ریلیف یا تاخیر کی امید نہیں ہے۔ ان کے مطابق بھارتی حکومت صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے تاہم اس فیصلے سے برآمدات اور تجارت کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور بھارت کے تعلقات میں پہلے ہی کئی معاملات پر تناؤ پایا جا رہا ہے، اور ماہرین کے مطابق اس اقدام سے دونوں ممالک کے تجارتی روابط مزید متاثر ہوں گے۔