پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو زرتاج گل کی نااہلی کی کارروائی سے روک دیا

پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو زرتاج گل کی نااہلی کی کارروائی سے روک دیا

پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما زرتاج گل کی نااہلی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو مزید کارروائی سے روک دیا۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس وقار احمد اور جسٹس اعجاز خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 روز میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔سماعت کے دوران زرتاج گل کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ انسداد دہشت گردی عدالت فیصل آباد نے ان کی موکلہ کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے 5 اگست کے نوٹیفکیشن کے ذریعے دیگر اراکین کے ساتھ انہیں بھی نااہل قرار دیا۔

جسٹس وقار احمد نے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ لاہور ہائیکورٹ کیوں نہیں گئے؟ اس پر وکیل نے وضاحت دی کہ اس کی کچھ وجوہات ہیں، مزید یہ کہ عمر ایوب اور شبلی فراز کی اسی نوعیت کی درخواستیں بھی اسی ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہیں، جنہیں اسی فیصلے کے تحت نااہل کیا گیا تھا۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ درخواست بھی دیگر ممبران کی پٹیشنز کے ساتھ سنی جائے گی۔ ساتھ ہی عدالت نے دائرہ اختیار پر دلائل طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک کارروائی ملتوی کردی۔