الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف عمر ایوب کی نااہلی کیس میں وقت دینے کی درخواست منظور کر لی ہے۔
الیکشن کمیشن میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے خلاف آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہلی کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عمر ایوب خود بھی پیش ہوئے۔سماعت کے دوران عمر ایوب نے استدعا کی کہ انہیں اپنا وکیل مقرر کرنا ہے، جبکہ بجٹ پراسیس بھی چل رہا ہے، اس لیے کیس کی سماعت 27 جون کے بعد کی جائے۔ممبر خیبر پختونخوا نے کہا کہ وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہو سکتا ہے، تاہم عمر ایوب نے وضاحت دی کہ ان کا وکیل دوسرے کیس میں مصروف ہے اور وہ خود بطور اپوزیشن لیڈر اور پارلیمانی کمیٹی کے رکن بجٹ کے عمل میں بھی مصروف ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ کیس 90 دن میں فیصلہ ہونا چاہیے، لیکن چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اگست تک وقت موجود ہے، اور اپوزیشن لیڈر کی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سماعت میں تاخیر جائز ہے۔بعدازاں الیکشن کمیشن نے عمر ایوب کی استدعا منظور کرتے ہوئے نااہلی کیس کی سماعت یکم جولائی تک ملتوی کر دی۔