پشاور ہائیکورٹ سے زرتاج گل اور شبلی فراز کو 11 اگست تک حفاظتی ضمانت مل گئی

پشاور ہائیکورٹ سے زرتاج گل اور شبلی فراز کو 11 اگست تک حفاظتی ضمانت مل گئی

پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے 9 مئی کے کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت فیصل آباد سے سنائی گئی سزا کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما زرتاج گل اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز کو 11 اگست تک حفاظتی ضمانت دے دی ہے۔

پشاور ہائیکورٹ نے کیس میں محفوظ کیا گیا فیصلہ جاری کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں کو متعلقہ ہائیکورٹ، یعنی لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے اپنے حکم میں واضح کیا کہ زرتاج گل کو لاہور ہائیکورٹ میں سرنڈر ہونے تک گرفتار نہ کیا جائے۔عدالت نے زرتاج گل کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں اور دو ذاتی ضمانتوں پر حفاظتی ضمانت فراہم کی ہے۔ فیصلے کے مطابق، یہ حفاظتی ضمانت 11 اگست تک مؤثر رہے گی۔یاد رہے کہ فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے گزشتہ ہفتے 9 مئی واقعات کے مقدمے میں زرتاج گل اور شبلی فراز کو قید کی سزا سنائی تھی، جس کے خلاف دونوں رہنماؤں نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔