کراچی(آئی این پی ) ترجمان سندھ حکومت نادر گبول نے کہاہے کہ ایس ایس پی توحید الرحمان کے گھر ڈکیتی کی تحقیقات جاری ہے ، پولیس افسر و حکومتی عہدیدار کے گھر ڈکیتی سے ثابت ہوگیا عوام اور ہم برابر ہیں۔تفصیل کے مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بڑھتے جرائم کے باعث نہ صرف شہری بلکہ پولیس افسران بھی محفوظ نہیں رہے۔ شہر کے پوش علاقے ڈیفنس میں ڈکیتوں نے ایس ایس پی توحید الرحمان کے گھر میں بڑی واردات کر ڈالی۔پولیس کے مطابق ملزمان گھر سے 90 لاکھ روپے مالیت کے ڈالرز، 10 لاکھ روپے نقدی، ایک کروڑ 10 لاکھ روپے کے زیورات اور موبائل فونز لوٹ کر فرار ہو گئے۔واردات کے وقت گھر میں تعینات گن مین سرکاری رائفل تکیے کے نیچے رکھ کر سو رہا تھا تاہم واقعے کی ایف آئی آر کانسٹیبل فیصل الطاف کی مدعیت میں درج کر لی گئی ہے۔ایس ایس پی توحید الرحمان پیپلز پارٹی کی رہنما اور ترجمان سندھ حکومت اقربا فاطمہ کے شوہر ہیں۔