مصنوعی ذہانت ضرورت بن چکی ہے، بدلتے رجحانات سے ہم آہنگ ہونا ضروری ہے:وفاقی وزیر
ریسکیو سنٹرل سٹیشن نارووال میں شہید انجینئر نعیم اختر کی یاد میں تعزیتی ریفرنس ‘احسن اقبال بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے
لاہور‘نارووال(آئی این پی‘ڈسٹرکٹ وپرٹر )وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، عوام کی خدمت ہی ہمارا اولین فرض ہے، عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ضروری ہے۔لاہور میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ 2018 میں آنے والی تبدیلی نے ملک کو شدید نقصان پہنچایا، ملک میں ترقی کا پہیہ روکا گیا، گزشتہ دور میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے، ہم ملک کو جدید خطوط پر لے کر چل رہے ہیں‘انہوں نے کہا نظام میں بہتری کیلئے اے آئی کا استعمال بڑھ رہا ہے، مصنوعی ذہانت آج کے دور کی ضرورت بن چکی ہے، بدلتے رجحانات سے ہم آہنگ ہونا بہت ضروری ہے۔دریں اثناء نارووال ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر اورنگزیب کی زیر نگرانی ریسکیو سنٹرل اسٹیشن نارووال میں شہید انجینئر نعیم اختر کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پروفیسر احسن اقبال چوہدری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔مہمان خصوصی کا ریسکیو کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کر کے پرتپاک استقبال کیا۔ پروفیسر احسن اقبال نے ریسکیو اسٹیشن کے مختلف شعبہ جات، بشمول ایمبولینس اور کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اپنے خطاب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ریسکیو واحد ادارہ ہے جو عوام کی توقعات پر پورا اتر رہا ہے۔ بانی, سیکرٹری ،ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر کی قیادت میں ریسکیو کے جوان فرنٹ لائن پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔