رفتار250کلومیٹر‘5 گھنٹے میں لاہور سے کراچی، بلٹ ٹرین چلانے کا منصوبہ اسلام آباد‘راولپنڈی کے درمیان بھی ٹرینیں چلیں گی

 ریلویز ٹریکس اور ٹرینوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے:محسن نقوی کی لاہور میں اجلاس کے دوران گفتگو
لاہور‘اسلام آباد(سپیشل رپورٹر‘مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان ریلویز نے لاہور سے کراچی تک تیز رفتار بلٹ ٹرین چلانے کے منصوبے کا اعلان کر دیا، منصوبہ مکمل ہونے پر دونوں شہروں کے درمیان فاصلہ 5 گھنٹے میں طے ہو گا۔ریڈیو پاکستان کے مطابق لاہور سے کراچی تیز رفتار بلٹ ٹرین 2030 تک چلانے کا منصوبہ ہے ‘بلٹ ٹرین منصوبہ 1215 کلومیٹر طویل ہائی اسپیڈ ریل لائن چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے تحت 6.8 ارب ڈالر مالیت کے ایم ایل-1 اَپ گریڈ منصوبے کا حصہ ہے۔وزیر ریلوے حنیف عباسی کے مطابق اس منصوبے میں چین کی معاونت شامل ہوگی اور اسے چائنا ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن کی مدد سے مکمل کیا جائے گا۔بلٹ ٹرین کی رفتار 250 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہوگی، جبکہ اس کا راستہ حیدرآباد، ملتان اور ساہیوال جیسے اہم شہروں سے گزرے گا۔ منصوبے میں دہری نئی پٹڑیوں کی تنصیب، پرانے پلوں کی ازسر نو تعمیر اور جدید سگنلنگ سسٹم کی تنصیب شامل ہے۔دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا  ہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ریلویز ٹریکس اور ٹرینوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے،  مسافروں کی حفاظت   اولین ترجیح ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے   پاکستان ریلویز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور وزیر ریلویز حنیف عباسی کی صدارت میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں ملک بھر خصوصا بلوچستان میں ریلویز لائنز اور ٹرینوں کی سکیورٹی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور  بلوچستان میں ریلوے لائنز اور ٹرینوں کی سیکیورٹی کیلئے اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔ ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریلویز کی اراضی پر تجاوزات کے خلاف مشترکہ کریک ڈائون کیا جائے گا، جس میں نیشنل کونسٹیبلری اور ریلویز پولیس حصہ لیں گی، ایف سی بھی انسداد تجاوزات آپریشن میں ریلویز پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔اس موقع  پر   محسن نقوی نے کہا  ہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ریلویز ٹریکس اور ٹرینوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے