بھارتی انتخابات میں پاکستان مخالف بیانیہ اپنانا روایت بن گیا ہے: احسن اقبال

بھارتی انتخابات میں پاکستان مخالف بیانیہ اپنانا روایت بن گیا ہے: احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت میں ہر انتخابی مہم کے دوران پاکستان کارڈ کا استعمال معمول بن چکا ہے۔

 اپنے ایک بیان میں انہوں نے نشاندہی کی کہ بھارت، جو رقبے کے لحاظ سے ایک وسیع ملک ہے، اس کے باوجود عدم تحفظ کے احساس میں مبتلا ہے، جبکہ پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود زیادہ بردباری اور سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے جعفرآباد ایکسپریس حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اس واقعے پر ذمہ دارانہ رویہ اپنایا، اپنی داخلی خامیوں کا اعتراف کیا اور غیر ملکی مداخلت کے شواہد کے باوجود معاملے کو سنجیدگی سے نمٹایا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہر موقع پر عالمی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔وفاقی وزیر نے بھارت کے ردعمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام سانحے کے بعد بھارت کی حکومت اور میڈیا نے بغیر کسی ثبوت کے فوری طور پر حملے کا الزام پاکستان پر لگا دیا، جو کہ غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل کی ایک اور مثال ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان میں کسی بھی سیاسی رہنما نے کبھی انتخابی مقاصد کے لیے بھارت مخالف جذبات کو نہیں ابھارا۔ احسن اقبال نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار بھارت، اپنی غیر ذمہ دارانہ حکمت عملی کو ترک کرے اور خطے میں امن کو فروغ دے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا اور حکمرانوں کا رویہ ستم ظریفی اور غیر سنجیدگی کا مظہر ہے، جو نہ صرف خطے کے استحکام کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ خود بھارت کی عالمی ساکھ کو بھی متاثر کرتا ہے۔